علامہ اقبال اور قصۂ نصف شب

حضرت
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا ایک واقع نصف شب بہت ہی مشہور ہے جس کی تصدیق مولانا عبدالستار نیازی مرحوم و مغفور نے بھی کی۔ واقعہ اس طرح ہے کہ ایک روز نصف شب علامہ اقبال اپنے بستر پر لیٹے ہوئے نہایت ہی مضطرب حالت میں تھے۔ بالآخر اٹھے اور کوٹھی (میکلوڈ روڈ) کے باہر گیٹ پر تشریف لے گئے۔ علی بخش، خادم خاص بھی ساتھ تھے۔ اتنے میں ایک بزرگ کامل و اکمل سفید لباس میں تشریف لائے۔ حضرت علامہ نے انہیں پلنگ پر بٹھایا اور خود نیچے بیٹھ گئے اور اس بزرگ کے پاؤں دبانے لگ گئے پھر ان سے حضرت علامہ نے دریافت کیا کہ آپ کی خدمت میں کیا پیش کروں۔ موصوف ممدوح نے فرمایا: دہی کی لسّی۔ اس پر حضرت اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے علی بخش کو جگ لے کر باہر سے لسّی لانے کے لئے کہا۔
علی بخش کہتا ہے کہ میں نے سوچا اس وقت دہی کی لسی یا تو بھاٹی سے یا لاہور اسٹیشن سے ملے گی۔ لیکن جب میں کوٹھی سے باہر نکلا تو میری حیرانگی کی حد ہوگئی کہ کوٹھی کے سامنے ایک بازار ہے اور وہاں ایک لسّی کی دکان ہے جہاں ایک سفید ریش بزرگ بیٹھے ہوئے ہیں، میں وہاں گیا۔ انہوں نے مجھے لسّی بنا کر دے دی۔ جب میں نے پیسے پوچھے تو اس سفید ریش بزرگ کامل دکاندار نے جواب دیا کہ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ ہمارا حساب چلتا رہتا ہے۔ میں نے وہ لسّی کا جگ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت اقدس میں پیش کر دیا۔ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے ایک گلاس بھر کر اس بزرگ کی خدمت میں پیش کیا۔ انہوں نے پی لیا۔ پھر دوسرا گلاس پیش کیا تو انہوں نے علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو فرمایا: خود پی لو۔ کافی وقت تک علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ ان کے قدم دباتے رہے اور محو گفتگو رہے۔ کچھ دیر کے بعد وہ بزرگ کوٹھی سے باہر آئے اور پھر نظروں سے اوجھل ہوگئے۔ میں (علی بخش) حیران و ششدر تھا کہ وہ ہستی کامل کہاں چلی گئی اور اب نہ ہی باہر کوئی بازار تھا۔ میں نے اس کے بارے حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے استفسار کیا تو انہوں نے فرمایا:
’’علی بخش جو بزرگ کوٹھی کے اندر تشریف فرما ہوئے تھے وہ خواجہ خواجگان حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ تھے اور جس بزرگ نے لسّی بنا کر دی وہ سید مخدوم علی ہجویری رضی اللہ عنہ تھے‘‘۔
لیکن علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے علی بخش سے مزید فرمایا کہ ان ناموں کا انکشاف میری حیات میں نہ کرنا۔ میں سمجھتا ہوں حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ جہاں آخری عمر میں صحیح معنوں میں عاشق رسول مقبول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم تھے وہاں فنا فی الگنج بخش رحمۃ اللہ علیہ بھی تھے۔ (سہ ماہی معارف اولیاء 2003ء)


Comments

Popular posts from this blog

حضرت ﻋﻼﻣﮧ ﺧﺎﺩﻡ ﺣﺴﯿﻦ ﺭﺿﻮﯼ صاحب ﮐﮯ ﺑﺎﺭﮮ ﻣﯿﮟ ﻭﮦ ﭘﺎﻧﭻ ﺑﺎﺗﯿﮟ ﺟﺴﮯ ﺩﯾﮑﮫ ﮐﺮ ﭘﻮﺭﯼ ﺩﻧﯿﺎ ﺣﯿﺮﺍﻥ

:::::::::آپ کون سی خاتون پسند کرتے ہیں:::::::::::